علی
رضی اللہ عنہ کے چہرے کی طرف دیکھنا عبادت ہے
عبد اللہ ابن مسعو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"علی (رضی اللہ عنہ) کے چہرے کی طرف دیکھنا عبادت ہے۔" (تاریخ دمشق الکبیر)
موضوع : یہ حدیث نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت
نہیں ہے،اور اس کے تمام طرق شدید ضعیف ہیں،اہل علم کی ایک جماعت کا اس امر پر اتفاق
ہے کہ یہ حدیث کذب اور موضوع ہے۔ یہ باطل نظریات کے حامل لوگوں کی وضع کردہ ہے۔
امام ابن الجوزی رحمہ اللہ
نے اپنی کتاب ’’ الموضوعات ‘‘ میں اس حدیث کو نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں۔"اس
کے جمیع طرق غیر صحیح ہیں" (الموضوعات:2/126) امام ذہبی رحمہ اللہ نے اس حدیث
کو ایک سے زائد مقامات پر موضوع اور باطل قرار دیا ہے۔ (ميزان الاعتدال:3/236) امام شوکانی رحمہ اللہ نے بھی اسے موضوع روایات
میں ذکر کیا ہے۔ (الفوائد المجموعة في الأحاديث الموضوعة:ص/359) امام البانی رحمہ اللہ
فرماتے ہیں۔: "یہ حدیث موضوع ہے ،کثرت طرق کے باوجود نفس اس کی صحت پر مطمئن نہیں
ہوتا،کیونکہ اس کو روایت کرنے والے اکثر رواۃ کذاب ، وضاع متروک اور مجہول ہیں،جن کے
لئے احادیث کی چوری کرنا اور ان کی اسناد کو خلط ملط کرنا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اسی
لئے امام ابن الجوزی رحمہ اللہ نے اس پر وضع کا حکم لگایا ہے۔"(السلسلة الضعيفة:4702)
فائدہ : لیکن یاد رہے کہ متعدد صحیح احادیث میں سیدنا
علی رضی اللہ عنہ کے بے شمار مناقب و فضائل بیان ہوئے ہیں۔جن کو یہ ضعیف روایت کم نہیں
کر سکتی۔