تمام ضعیف احادیث کو بغیر ترتیب سے دیکھنے کیلئے بٹن پر کلک کریں

Wednesday, October 29, 2014

٭ سورہ یسین قرآن کا دل ہے؟ سورہ یاسین کی فضیلت احادیث کی روشنی میں


قرآن کا دل سورۂ یسین

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

إِنَّ لِكُلِّ شَيْءٍ قَلْبًا وَقَلْبُ الْقُرْآنِ يس وَمَنْ قَرَأَ يس كَتَبَ اللَّهُ لَهُ بِقِرَاءَتِهَا قِرَاءَةَ الْقُرْآنِ عَشْرَ مَرَّاتٍ
ہر چیز کا ایک دل ہوتا ہے اور قرآن کا دل سورۂ یسین ہے۔ جوسورہ یاسین ایک مرتبہ پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لیے دس مرتبہ قرآن پڑھنے کا اجر لکھتا ہے۔

ضعیف: امام ترمذی اس روایت کو بیان کرنے کے بعد اس کے راوی ہارون ابو محمد کے بارے میں فرماتے ہیں کہ:

وهارون أبومحمد شيخ مجهول‏.‏
۱: لہٰذا یہ روایت ہارون مذکور کے مجہول ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔
۲: اس کے راوی قتادہ مدلس ہیں اور سماع کی تصریح نہیں ملی۔
٭ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے بھی اس روایت کو من گھڑت قرار دیا ہے۔ (المنتخب من علل الخلال،ص:۱۱۷)
٭ محدث البانی رحمہ اللہ نے اسے موضوع قرار دیا ہے۔ (السلسلة الضعیفة:ج۱ص۲۰۲ح۱۶۹)
٭امام ابو حاتم الرازی رحمہ اللہ نے اس روایت کو موضوع قرار دے کر یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس حدیث کا راوی: مقاتل بن سلیمان "کذاب" ہے۔ (علل الحدیث ج۲ ص۵۶، ۵۵ح۱۶۵۲) جبکہ سنن ترمذی و سنن دارمی (ج۲ص۴۵۶ح۳۴۱۹) تاریخ بغداد (ج۴ص۱۶۷) میں مقاتل بن حیان (صدوق) ہے۔ واللہ اعلم

سورہ یاسین کی فضیلت احادیث کی روشنی میں

سیدنا ابن عباس (رضی اللہ عنہما) نے فرمایا:

جو شخص صبح کے وقت یٰسین پڑھے تو اسے شام تک آسانی عطا ہوگی۔ اور جو شخص رات کے وقت یٰسین پڑھے تو اسے صبح تک آسانی عطا ہوگی۔ (یعنی اس کے دن و رات آرام و راحت سے گزریں گے)
(سنن الدارمی: 1/ 457 ح 3422 ، دوسرا نسخہ: 3462 وسندہ حسن)
٭ اس روایت کی تحقیق پڑھنے کیلئے دیکھئے فتاویٰ علمیہ المعروف توضیح الاحکام (جلد 1 صفحہ 496 اور 497) للشیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ

اس میں توکوئ شک وشبہ نہیں کہ سورہ  یس ایک عظيم سورۃ ہے۔ جس میں بہت ہی مؤثر قسم کے قصص اور اثربالغ رکھنے والی عبرتیں پائ جاتی ہیں، سورۃ یس میں آخرت کی دعوت جس موثر انداز میں دی گئی ہے، اس کے باعث اسے سمجھ کر بار بار پڑھنا چاہیے۔ اس سے واقعی دل پر بڑا اثر ہوتا ہے لیکن سورہ یاسین  قرآن مجید کا دل کہنا صحیح ثابت نہیں ہے۔