تمام ضعیف احادیث کو بغیر ترتیب سے دیکھنے کیلئے بٹن پر کلک کریں

Monday, February 03, 2014

٭محمد ﷺ نہ ہوتے تو کچھ بھی نہ ہوتا



محمد ﷺ نہ ہوتے تو کچھ بھی نہ ہوتا
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام  پر وحی نازل فرمائی :  اے عیسیٰ ! حضرت محمد (ﷺ) پر ایمان لے آؤ اور اپنی امت کو بھی حکم دو کہ (جو بھی ان کا زمانہ پائے تو ضرور) ان پر ایمان لائے (جان لو!) اگر محمد (ﷺ) نہ ہوتے تو میں آدم (علیہ السلام) کو بھی پیدا نہ کرتا۔ اور اگر محمد  مصطفیٰ (ﷺ) نہ ہوتے تو میں نہ  جنت پیدا کرتا اور نہ دوزخ ، جب میں نے پانی پر عرش بنایا تو اس میں لرزش پیدا ہوگئی ،  لہٰذا میں نے اس پر "لاإلہ إلا اللہ محمد رسول اللہ" لکھ دیا تو وہ ٹھر گیا۔ (المستدرک : 615/2 ح 4227 و قال :  ھٰذا حدیث صحیح الاسناد )
موضوع (من گھڑت) : 
یہ روایت کئی وجہ سے موضوع و مردود ہے:
٭جیسا کہ حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "میں اسے موضوع (من گھڑت) سمجھتا ہوں۔" (میزان الاعتدال: 246/3، ت : 6330)
 ٭ حافظ ذہبی نے کہا: "میں سمجھتا ہوں کہ یہ روایت سعید (بن ابی عروبہ) کی طرف مکذوباً (جھوٹی)منسوب کی گئی ہے۔"
(تلخیص المستدرک : 671/2)
1:اس کا راوی  عمروبن اوس مجہول ہے۔
(دیکھئے میزان الاعتدال 246/3 و لسان المیزان : 354/4) ،حافظ ذہبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: "اس کے حالات معلوم نہیں، اس نے ایک منکر خبر بیان کی ہے۔ " (میزان الاعتدال للذہبی: 246/3)
  2:سعید بن ابی عروبہ مختلط ہیں
۔
 
3:سعید بن ابی عروبہ اور قتادہ مدلس ہیں۔ اگر یہ روایت ان سے ثابت بھی ہوتی تو مردود تھی۔

تنبیہ : " (اے نبی !) اگر آپ نہ ہوتے تو میں آسمان (وزمین) نہ پیدا کرتا۔" یہ اور اس مفہوم کی ساری روایات موضوع اور باطل ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
" اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لئے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں۔" (سورة الذّاریَات:٥٦)