تمام ضعیف احادیث کو بغیر ترتیب سے دیکھنے کیلئے بٹن پر کلک کریں

Tuesday, October 28, 2014

٭ قبرستان میں سورۂ یٰس کی تلاوت کرنا

قبرستان میں سورۂ یٰس کی تلاوت کرنا
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
مَن دَخَلَ المَقَابِرَفَقَرَأَ سُورَۃَ یَس خَفَّفَ اللہُ عَنھُم وَکَانَ لَھُم بِعَدَدِ مَن فِیھَا حَسَنَات‬
جو کوئی قبرستان میں داخل ہو اور سورۂ یٰس  تلاوت کرے تو ان قبرستان والوں سے اللہ تعالیٰ
عذاب میں تخفیف فرماتا ہے اور پڑھنے والے  کومُردوں کی تعداد کے مطابق نیکیاں ملیں گی۔
(شرح الصدور للسیوطی: ص ۴۰۴)
موضوع (من گھڑت) :یہ روایت جھوٹ کا پلندہ ہے۔ محدث البانی رحمہ اللہ نے اس کی یہ سند ذکر کی  ہے:
"أخرجه الثّعلبیّ فی تفسیرہ (۱۶۱/۳/ ۲) من طریق محمد بن أحمد الرّیاحی، حدّثنا أبی، حدّثنا أیّوب بن مدرک عن أبی عبیدۃ عن الحسن عن أنس بن مالک ۔ ۔ ۔ ۔" (السسلسة  الضعیفة: ۱۲۴۶)
1: اس کاراوی ایوب بن مدرک کو امام یحیٰ بن معین رحمہ اللہ نے "کذاب"، امام ابو حاتم الرازی رحمہ اللہ، امام نسائی رحمہ اللہ اور امام دارقطنی رحمہ اللہ نے "متروک"، امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ، امام یعقوب بن سفیان جوزجانی رحمہ اللہ، امام صالح بن محمد جزرہ اور امام ابنِ عدی رحمہمااللہ وغیرہم نے "ضعیف"  کہا ہے۔
٭ امام ابن حبان رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "ایوب بن مدرک نے امام مکحول سے ایک من گھڑت نسخہ روایت کیا ہے، ان کو دیکھا نہیں۔" (لسان المیزان لابن حجر: ۴۸۸/۱)
اس کے حق میں ادنیٰ کلمہ توثیق ثابت  نہیں۔
2: احمد بن ابی العوام الریاحی اور عبیدہ کی توثیق مطلوب ہے۔
3:امام حسن بصری رحمہ اللہ" مدلس" ہیں اور  "عن " سے روایت کررہے ہیں۔ سماع کی تصریح نہیں ہے۔
 ٭محدث البانی رحمہ اللہ نے  اس روایت کو من  گھڑت کہا ہے۔ (السلسلة الضعیفة: ۱۲۴۶)