تمام ضعیف احادیث کو بغیر ترتیب سے دیکھنے کیلئے بٹن پر کلک کریں

Monday, February 03, 2014

٭مدینے کے عالم سے بڑا کوئی عالم نہیں

مدینے کے عالم سے بڑا کوئی عالم نہیں
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ (نبی ﷺ نے فرمایا): قریب ہے کہ لوگ طلبِ علم کیلئے اونٹوں پر لمبے لمبے سفر کریں گے تو مدینے کے عالم سے بڑا عالم کوئی نہیں پائیں گے۔ (ترمذی:2680)
ضعیف: اس میں ابن جریج اور ابو الزبیر دونوں مدلس ہیں اور روایت عن سے ہے، لہٰذا یہ سند ضعیف ہے۔ الانتقاء لابن عبد البر (ص 20) میں اس کا ایک منقطع (یعنی ضعیف) شاہد بھی ہے۔
سفیان بن عینیہ نے (ایک قول میں) کہا: بے شک وہ  (مدینے کے عالم )مالک بن انس ہیں اور عبد الزاق نے (بھی) اسی طرح کی بات کی ہے۔ اسحاق بن موسیٰ نے کہا: اور میں نے ابن عینیہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ وہ عبد العزیز بن عبداللہ العمری الزاہد ہیں۔
فائدہ: جب یہ روایت ضعیف ہے تو پھر یہ کہنا کہ ”اس سے مراد فلاں ہیں یا فلاں“ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بالکل برحق ہے کہ امام مالک بہت بڑے ثقہ امام تھے اور عبد العزیز بن عبداللہ  العمری بھی ثقہ تھے، لیکن پہلے حدیث کا صحیح ہونا ضروری ہے، اس کے بعد ہی فقہ الحدیث پر غور ہوسکتا ہے۔