تمام ضعیف احادیث کو بغیر ترتیب سے دیکھنے کیلئے بٹن پر کلک کریں

Monday, February 03, 2014

٭علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے



علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:  "علم کا طلب کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے اور نااہل آدمی کو علم سکھانا ایسے ہے جیسے خنزیر کی گردن میں جواہرات ، موتیوں اور سونے کا ہار پہنادیا جائے۔" (ابن ماجہ:۲۲۴)
سخت ضعیف : حافظ بیہقی نے شعب الایمان (۱۶۶۳ ، دوسرا نسخہ : ۱۵۴۳) میں اس حدیث کو "علم کا طلب کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے" تک روایت  کیا اور فرمایا: اس حدیث کا متن مشہور ہے اور سند ضعیف ہے ،یہ کئی سندوں سے مروی ہے جو کہ تمام کی تمام ضعیف ہیں۔
اس روایت کا راوی قاری ابو عمر حفص بن سلیمان السدی البزاز الکوفی : حفص بن ابی داود صاحب عاصم روایتِ حدیث میں سخت ضعیف و مجروح تھا۔
ابو حاتم الرازی نے کہا: وہ ضعیف الحدیث ہے ، سچ نہیں بولتا ، متروک الحدیث ہے۔ (کتاب الجرح والتعدیل : ۱۷۴/۳) امام مسلم نے کہا: متروک الحدیث ۔(کتاب الکنیٰ قلمی: ۱۴۷/۷۱) امام بخاری نے فرمایا: "محدثین نے اسے متوک قراردیا ہے۔" (کتاب الضعفاء : 73) حافظ ابن حجر العسقلانی نے کہا: "وہ قرأت میں امام ہونے کے باوجود حدیث میں متروک ہے۔ " (تقیرب التہذیب : ۱۴۰۵)
حافظ بیہقی فرماتے ہیں : "اس حدیث کا متن مشہور ہے اور اس کی سندیں ضعیف ہیں۔ مجھے اس کی کوئی ایسی سند معلوم نہیں جس سے یہ حدیث ثابت ہوتی ہو۔ واللہ أعلم " (المدخل الی السنن الکبریٰ : ۳۲۵)